پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام خواتین کرکٹرز کے لیے کمیونیکیشن ورکشاپ اختتام کو پہنچا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقدہ اس ورکشاپ میں بائیس خواتین کرکٹرز نے شرکت کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس ورکشاپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ خواتین کرکٹرز کی کمیونیکیشن کی مہارت میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ ایک بہترین شخصیت کے طور پر خود کو دنیا کے سامنے پیش کرسکیں۔ ورکشاپ کے انعقاد کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ چاہتا ہے کہ یہ کھلاڑی دنیا بھر کے لوگوں کو کرکٹ کی سفیر کی حیثیت سے متاثر کرسکیں۔اس ورکشاپ میں کمیونیکیشن ماہرین اور پروفیشنل حضرات نے ان کھلاڑیوں کی رہنمائی کی اور رابطوں کے مختلف شعبوں سے متعلق اپنے تجربات شیئر کیے جن میں میڈیا انٹرویوز، سوشل میڈیا سے تعلق، عام لوگوں سے بات چیت اور کرائسس منیجمنٹ جیسے امور شامل تھے۔ورکشاپ کے شرکا کے لیے مختلف طرح کے سیشنز رکھے گئے تھے جن میں پریکٹیکل مشقیں بھی شامل تھیں جن کا مقصد ان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور رابطوں کی مختلف صورتحال میں نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved