پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز حیدر علی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معطلی مانچسٹر پولیس کی جانب سے شروع کی گئی ایک کرمنل تفتیش کے باعث کی گئی ہے جس میں حیدر علی ملوث ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ انگلینڈ دورے کے دوران پیش آیا۔ اس کیس کی تحقیقات مانچسٹر پولیس کر رہی ہے اور اس دوران حیدر علی کو قومی اور کلب کرکٹ سے معطل کر دیا گیا ہے۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ حیدر علی کو اس قانونی معاملے میں مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی صفائی پیش کر سکیں۔ تاہم، کیس کے حتمی نتائج سامنے آنے تک ان کی معطلی برقرار رہے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کیس کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انضباطی کارروائی پر غور کیا جائے گا، اور اس دوران پی سی بی کسی مزید تفصیلات کا اعلان نہیں کرے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کرے گا تاکہ کھیل کی عزت اور کرکٹرز کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

Shares: