ملاگوری(باغی ٹی وی رپورٹ)سیکیورٹی فورسز اور قوم ملاگوری کا گرینڈ جرگہ، امن کے قیام کے لیے تعاون کا عزم

ملاگوری میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی عوام کے درمیان ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں فرنٹیئر کور 166 وِنگ کے کرنل بلال، صوبیدار مطہر، پولیس کمانڈر عظیم آفریدی، اور قبائلی مشران حاجی جماعت میر، حاجی خان میر، ملک ہمایون، حاجی سیفور، چیئرمین ابوالحسن، الفت حسین، ابرار حسین، گل نواز، ملک نواز میر اور حاجی خالد سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کرنل بلال نے کہا کہ ملاگوری قوم غیور اور محب وطن ہے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ پولیس کی چیک پوسٹوں کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا تاکہ حالیہ دہشت گردی کے واقعے سے پیدا ہونے والے خوف کا خاتمہ کیا جا سکے۔ کرنل بلال نے مزید کہا کہ وہ خود دن اور رات کے گشت سے علاقے میں امن قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مقامی سماجی کارکن الفت حسین نے اس موقع پر کہا کہ ملاگوری کے عوام کا دہشت گرد عناصر یا وطن مخالف قوتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے پولیس کی چیک پوسٹ کے خاتمے کو امن خراب کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ مقامی لوگ پہلے بھی علاقے میں امن قائم رکھتے آئے ہیں اور آئندہ بھی امن کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

جرگے کے دیگر مقررین نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کیا۔ جرگے کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

Shares: