لاہور رنگ روڈ پر ایک شہری کی انتہائی غفلت اور خطرناک انداز میں روڈ کراسنگ کرنے کے باعث پولیس نے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ نمبر 3339/25 بجرم 283 تعزیراتِ پاکستان کے تحت اندراج کیا گیا۔

انسپکٹر عامر محمود چشتی (SPO انچارج رنگ روڈ سرکل عبداللہ گل)، جو رنگ روڈ پر ٹریفک کنٹرول ڈیوٹی پر مامور تھے، اپنے ہمراہ اہلکار عفان 5260/JPO سرکاری گاڑی 716/GBG میں نواز شریف انٹرچینج کے قریب ایگزٹ فیز 6، پول نمبر 713 پر موجود تھے کہ اسی دوران ایک شخص نہایت تیز رفتاری سے پیدل دوڑتا ہوا ٹریفک کے بیچوں بیچ روڈ کراس کرنے لگا۔اہلکاروں کے مطابق ملزم نے انتہائی غفلت و لاپرواہی سے دوڑتے ہوئے،ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالا،اپنی اور دیگر شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرے میں ڈالا،گاڑیوں کی لین میں رکاوٹ پیدا کی،اہلکاروں نے بڑی مشکل سے مذکورہ شخص کو قابو کیا جس کی شناخت ارسلان ولد عمر دین قوم میو، سکنہ ملکو کی پنڈ ہیر لاہور، شناختی کارڈ نمبر 35201-8230307-1 بتائی گئی۔پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم کے اس خطرناک عمل پر متعلقہ دفعہ 283 کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی جس پر انسپکٹر عامر محمود چشتی نے تحریر استغاثہ مرتب کرکے تھانہ ڈیفنس سی بھجوا دیا۔

تھانہ پولیس نے استغاثہ موصول ہونے پر مقدمہ درج کردیا جبکہ تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔تفتیشی افسر اے ایس آئی محمد شہزاد نے بتایا کہ مقدمہ اندراج کے ساتھ ہی SHO تھانہ ڈیفنس سی کو بھی معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔واقعہ 10 دسمبر 2025 کی دوپہر 2 بجکر 55 منٹ پر پیش آیا جبکہ مقدمہ پولیس ڈاکومنٹیشن کے بعد درج کرلیا گیا۔

Shares: