پیرعادل(باغی ٹی وی،نامہ نگارباسط علی گاڈی)ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث ایک مسافر کوسٹر (LWN-1325) حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی۔ کوسٹر میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے جو پیر عادل سے وزیرستان میں شادی کی تقریب کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو ایمرجنسی کال موصول ہونے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ قریبی موجود دو ایمبولینسز اور سینٹرل اسٹیشن سے دو مزید ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل جائے حادثہ پر روانہ کی گئیں۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کیا۔

ریسکیو ٹیم نے الٹی ہوئی کوسٹر کو سڑک سے ہٹا کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ حادثہ کالا شہر کے قریب انڈس ہائی وے پر پیش آیا اور تمام زخمیوں کا تعلق پیر عادل سے ہے۔ حادثے کی اطلاع ڈی سی کنٹرول اور پولیس کو بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

Shares: