اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا تاکہ ان کی جائز جدوجہد حقِ خودارادیت کو مزید کچلا جا سکے۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں میں ہزاروں نامعلوم اور بے شناخت قبریں سامنے آئی ہیں، تحقیقات سےواضح ہوا ہے کہ بھارتی قابض افواج لوگوں کو پہلے اغوا کرتی ہیں، پھر انہیں اذیتیں دی جاتی ہیں اور بغیر کسی قانونی عمل کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے،بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا تاکہ ان کی جائز جدوجہدِ حقِ خودارادیت کو مزید کچلا جا سکے،لاپتا افراد کے بحران سے نمٹنے کے لیے تنازعات کی روک تھام اور پُرامن تصفیہ ناگزیر ہیں۔
دوسری جانب کشمیر کونسل یورپ نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں اور یورپی حکام اور اہم یورپی شخصیات کے ساتھ اس سلسلے میں تازہ رابطے کئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ”کشمیر کونسل یورپ“ کے زیراہتمام کانفرنسوں ، سیمیناروں اور مباحثوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کشمیری عوام کی آواز مؤثر طریقے سے عالمی برادری تک پہنچائی جا سکے۔کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے اعلیٰ یورپی حکام بشمول صدر یورپی کمیشن ارسولا وون در لیین ، صدر یورپی کونسل انٹونیو کوسٹا ، یورپی پارلیمنٹ کی سربراہ روبرٹا مٹسولا اور اعلیٰ سفارتکار کاجا کالاس کو خطوط بھی لکھے ہیں جن میں ان کی توجہ جنوبی ایشیاء کی سنگین صورتحال کی طرف دلائی گئی ہے۔خط میں پاکستان پر بھارتی جارحیت کا ذکر بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرزِعمل کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ سخت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
خط میں یورپی یونین پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا ، پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے اور نہ ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔








