انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے غزہ کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو ان کی زمین سے نکالنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ اس طرح کے منصوبے مکمل طور پر فضول ہیں۔اردوان نے مزید کہا کہ "غزہ کے لوگ غزہ میں رہیں گے اور وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کریں گے،” اور یہ کہ "کسی کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ غزہ کے لوگوں کو ان کی زمین سے نکال سکے۔”
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند دن قبل اعلان کیا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد علاقے میں استحکام لانا اور ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم غزہ کی پٹی کو ترقی دیں گے، اس میں سرمایہ کاری کریں گے، اور اس علاقے کے لوگوں کے لیے نوکریاں فراہم کریں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ غزہ میں طویل المدتی ملکیت کی پوزیشن دیکھتے ہیں اور اس علاقے کے لوگوں کے لیے بہتر مستقبل کے امکانات کی بات کی۔
ٹرمپ کے اس اعلان پر عالمی سطح پر شدید ردعمل آیا ہے۔ اقوام متحدہ اور دنیا کے کئی ممالک نے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کی مخالفت کی ہے اور دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔ ان ممالک کا کہنا ہے کہ اس طرح کا اقدام عالمی قانون اور انسانی حقوق کے خلاف ہوگا اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کی صورت میں سامنے آئے گا۔
سندھ ہائیکورٹ، پیکا ایکٹ کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری
تین دہائیوں بعد نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا پوری سج دھج سے آغاز








