جلالپورپیروالا(باغی ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ کے دورے کے بعد جلالپور پیروالا سٹی کے حفاظتی بند پر پہنچ کر اہم اعلانات کیے۔ جلالپور پیروالا بائی پاس پر وزیراعلیٰ کو دیکھ کر ہزاروں کی تعداد میں عوام جمع ہو گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جلالپور پیروالا کے لئے مستقل حفاظتی بند بنانے اور اُچ شریف کے لئے گیلانی ایکسپریس وے پراجیکٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو ہدایت دی کہ وہ جلالپور پیروالا میں انخلا آپریشن کی نگرانی کے لئے وہیں قیام کریں۔
وزیراعلیٰ نے جلالپور پیروالا کے سیلاب متاثرین کے لئے ایک سپیشل پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو 10،10 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔
مکمل طور پر منہدم ہونے والے گھروں کے مالکان کو 10 لاکھ روپے جبکہ ایک کمرہ گرنے کی صورت میں 5 لاکھ روپے امداد فراہم کی جائے گی۔
بڑے مویشیوں کے ضیاع پر 5 لاکھ اور چھوٹے جانوروں کے نقصان پر 50 ہزار روپے امداد دی جائے گی۔
سیلاب متاثرین سے پرجوش خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہاکہ “میں محمد نواز شریف کی بیٹی ہوں، اپنا ہر وعدہ پورا کروں گی۔ سیلاب سے متاثرہ ایک ایک فرد کا نقصان پورا کیا جائے گا۔ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں دے سکتے لیکن جاں بحق افراد کے ورثاء کے لئے ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔”
انہوں نے کہا کہ وہ خود چل کر جلالپور پیروالا کے عوام کے پاس پہنچی ہیں تاکہ ان کے دکھ درد میں شریک ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر نو حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ جلالپور پیروالا میں بہت سے لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں، سب کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے خیمے، خوراک اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ“سیلاب متاثرین ہمارے مہمان ہیں، جب تک پانی نہیں اترتا، گھر واپس نہیں جانا۔ سب کو بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بہت بڑا سیلاب اور تباہی ہے، لیکن متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جاں بحق ہونے والوں کو واپس نہیں لا سکتے مگر ان کے ورثاء کے ساتھ ہمدردی اور تعاون ہمارا فرض ہے۔”
وزیراعلیٰ نے آخر میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حکم پر کسی کا زور نہیں چلتا، لیکن حکومت پنجاب ہر متاثرہ فرد کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے۔