پشاور شاہ عالم پل کے قریب دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنکو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ تھانہ داودزئی پولیس کے مطابق شاہ عالم پل کے قریب گاوں ڈاگئی ملا خان میں دو لاشوں کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ داودزئی صدام ریاض، تفتیشی افسران اور دیگر نفری پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دونوں مقتولین کی شناخت سجاد سکنہ ڈاگئی ملا خان اور داود جٹی بالا سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں مقتولین آئس کے عادی تھی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مقتول داود نے چند دن قبل اپنے قریبی رشتہ دار کے گھر سے لاکھوں روپے چوری بھی کی تھی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چوری کہ رقم کی تقسیم پر تیسرے ساتھی نے ان کو قتل کیا ہے تاہم اس پہلو پر بھی جامع تحقیقات جاری ہے۔
پولیس تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ سے خالی خول اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے دیگر مختلف پہلوؤں پر بھی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب تھانہ چمکنی کی حدود میں بھی پولیس کو ایک خاتون کی لاش ملی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد ڈی ایس پی چمکنی زاہد عالم خان مقامی پولیس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت نہ ہوسکی کیونکہ اس کے پاس کسی بھی قسم کی شناختی دستاویزات نہیں ہیں اور نہ ہی تشدد یا کوئی دیگر نشانات موجود ہیں۔جبکہ جائے وقوعہ کا جائزہ لیتے ہوئے اہم شواہد اکھٹے کرکے نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے۔

Shares: