پشاور(باغی ٹی وی) پاکستان کسٹمز پشاور ماڈل کسٹم کلکٹریٹ (MCC) کے سپرنٹنڈنٹ کسٹم ڈرائی پورٹ اجمل خان شیر پاؤ نے گزشتہ روز کسٹمز میں 30 سالہ شاندار ملازمت مکمل کرنے کے بعد باوقار انداز میں سبکدوشی اختیار کر لی۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں فرنٹیئر کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن (FCAA) خیبر پختونخوا کے صدر اور پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی سمیت کسٹم عملے اور تاجر برادری نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

یہ اظہار خیال گزشتہ روز ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ ایک پروقار الوداعی تقریب کے دوران کیا گیا، جس کا اہتمام محکمہ کسٹمز کے اسٹاف نے اجمل خان شیر پاؤ کے اعزاز میں کیا تھا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی سابق کسٹم کلکٹر پشاور و ممبر ایف بی آر قربان علی خان، سابق کسٹم کلکٹر پشاور و ممبر ایف بی آر ڈاکٹر محمد سعید خان جدون، سابق کسٹم کلکٹر حافظ مطیع اللہ، ایڈیشنل کلکٹرز کسٹمز محمد شاکر اور طاہر اقبال خٹک، اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز مجاہد خان، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ فیاض خان، کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے صدر ضیاء الحق سرحدی، کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس، امپورٹرز، ایکسپورٹرز اور دیگر کاروباری شخصیات کے علاوہ کسٹم کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں سابق کسٹم کلکٹرز قربان علی خان، ڈاکٹر محمد سعید خان جدون اور حافظ مطیع اللہ کی شرکت نے محفل کو مزید رونق بخشی۔ سبکدوش ہونے والے سپریٹنڈنٹ کسٹم اجمل خان شیر پاؤ کو ان کے ساتھیوں کی جانب سے عقیدت و محبت کے اظہار کے طور پر بیش بہا گلدستے اور تحائف پیش کیے گئے جبکہ انہیں روایتی پگڑی پہنا کر ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

مہمان خصوصی قربان علی خان نے اجمل خان شیر پاؤ کے 30 سالہ شاندار کیریئر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک افسر تھے، جن کی مدد سے افسران کو مشکل کاموں میں بھی آسانی ہوتی تھی۔ انہوں نے ڈرائی پورٹ کے ریونیو میں اضافے میں بھی ان کے اہم کردار کو سراہا۔

سابق کسٹم کلکٹر ڈاکٹر محمد سعید خان جدون نے اپنے خطاب میں کہا کہ تقریب میں مہمانوں کی اتنی بڑی تعداد اجمل خان کے لیے لوگوں کی بے پناہ محبت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجمل خان نہ صرف بے پناہ صلاحیتوں کے حامل تھے بلکہ ایک ماہر افسر بھی سمجھے جاتے تھے اور ان کی ریٹائرمنٹ سے پیدا ہونے والا خلا پر کرنا مشکل ہوگا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کلکٹر مجاہد خان نے بھی اجمل خان کو اپنے مخصوص شاعرانہ انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگرچہ ایک طویل رفاقت کے بعد اجمل خان کی جدائی کا دکھ محسوس ہو رہا ہے، لیکن یہ اطمینان بخش ہے کہ ایک محنتی اور ایماندار سرکاری ملازم نے اپنی ذمہ داریاں عزت کے ساتھ مکمل کی ہیں۔ انہوں نے اجمل خان کے ساتھ اپنے طویل اور قریبی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ لگن اور ایمانداری کو سراہا۔

آخر میں سبکدوش ہونے والے کسٹم سپرنٹنڈنٹ اجمل خان نے اس الوداعی محفل کے انعقاد پر اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنے سینئر افسران کی رہنمائی اور ساتھیوں کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کسٹمز کے تمام افسران اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس برادری کا بھی شکریہ ادا کیا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Shares: