پشاور زلمی نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کردی
باغی ٹی وی : پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کے زیراہتمام ایم جی زلمی کیمپ کے ذریعے ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کردی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فرنچائز کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم کے علاوہ ٹیم منیجر ارشد خان پرامید ہیں کہ خیبر پختونخوا سے زبردست صلاحیت سامنے آئے گی جس کا فائدہ مستقبل میں پاکستانی ٹیم کو پہنچے گا۔ جمرود اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ کیمپ میں 70 کرکٹرز شریک ہوئے جنہوں نے اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے بہترین کرکٹرز کا انتخاب کرکے انہیں پی ایس ایل کی ایمرجنگ کیٹگری کے تحت پشاور زلمی کا حصہ بنایا جائے گا جس کیلئے پشاور، سوات، صوابی، ایبٹ آباد، میران شاہ، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں بھی ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ لگائے جائیں گے اور منتخب کھلاڑیوں کو آپس میں میچز بھی کھلائے جائیں گے
شائقین کرکٹ کیلیے بڑی خوشخبری، ڈومیسٹک سیزن کا شیڈول جاری،ہوں گے 208 میچ
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ شیڈول کی تیاری اس انداز سے کی گئی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرزکے لیے فرنچائز کرکٹ اور قومی ٹیموں میں جگہ بنانا مزید آسان ہوسکے۔
گذشتہ سال کی نسبت حالیہ سیزن میں پی سی بی نے فرسٹ الیون ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا قومی ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کپ کے میچوں کو ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح قومی انڈر 19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بھی ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔اس بنیاد پر ہر ٹورنامنٹ میں تمام چھ ٹیموں کو 10 لیگ میچوں میں شرکت کا موقع ملےگا، جس کے بعد 4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز ہوں گے۔ ایونٹ کی 2 بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔جونیئر ٹورنامنٹ میں سیمی فائنلز کی بجائے ایونٹ کی ٹاپ 2 ٹیمیں فائنل کھیلیں گی