خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے حسن خیل میں خوارج نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا۔ حملے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا

پولیس کے مطابق خوارج کے ایک گروہ نے رات گئے اچانک حسن خیل پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔ اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مورچہ سنبھال لیا اور بھرپور انداز میں فائرنگ کا جواب دیا۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں حملہ ناکام بنا دیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں دو خوارج ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے، جنہیں ان کے ساتھی اٹھاتے ہوئے علاقے سے لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔

سی سی پی او پشاور نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ ان کے مطابق صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور مزید سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کی کسی کارروائی کو روکا جا سکے۔

Shares: