پشاور ریڈزون میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم فعال کرنے کے بعد اسے قلعہ بالاحصار اور امن چوک تک بھی پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاہم اس کی مزیدتوسیع فنڈز سے مشروط کی گئی ہے ،پشاورریڈزون کو محفوظ بنانے کیلئے اس منصوبے پر اب تک تقریباً 10کروڑ روپے کی لاگت آچکی ہے جسے مرحلہ وار دوسرے علاقوں تک پھیلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ ریڈزون پشاور میں 350سٹیٹ آف دی آرٹ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جسکے بعد ریڈ زون میں روزانہ داخل ہونے والی ہزاروں گاڑیوں کی خودکارطریقہ سے مانیٹرنگ ہورہی ہے جبکہ خودکارسکیورٹی سسٹم کے ذریعے مشکوک و مطلوب افرادکا داخلہ بھی روکا جاسکے گا۔
ریڈ زون کی سکیورٹی کیلئے دوماہ کے قلیل عرصہ میں قائم ”کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر”کا افتتاح کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات اور آئی جی پی خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے کیاتھا۔ اس جدید سکیورٹی سسٹم کو قلعہ بالاحصار اور امن چوک تک بھی توسیع دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔اس حوالے سے محکمہ پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ منصوبے کی توسیع پر کم لاگت آئے گی کیونکہ سنٹرل پولیس آفس میں ایک سسٹم پہلے ہی سے انسٹال ہوچکا ہے اور توسیع کی منظوری کی صورت میں صرف سی سی ٹی وی کیمرے،کیبل وغیرہ کی خریداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلاجدیدخودکارشناخت وسکیورٹی نظام ہے اوراس سے ریڈزون میں واقع حساس تنصیبات وعمارتوں سنٹرل جیل ،سی پی او، پولیس لائنز، گورنرہاوس، وزیراعلیٰ ہاوس،سیکرٹریٹ سمیت دیگرعمارتوں و دفاتر کی سکیورٹی کو یقینی بنانا اور رجسٹرڈ ملازمین کے داخلے کے نظام کو خود کار بنایاگیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری پوری توجہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم اور تخریب کاری کی وارداتوں کا تدارک کرنا ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے پیدل چلنے والے افراد کی شناخت، گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی خود کار شناخت، گاڑیوں کی چیکنگ اورڈی ٹیکشن کی جارہی ہے جبکہ مطلوب یا مشکوک افرادکے داخلے پر الارم جنریٹ ہوگاجس سے ایسے عناصر اور گاڑی کوفوری پکڑنے میں آسانی ہوگی۔ریڈ زون میں زبردستی داخلے کو روکنے کیلئے روڈ بلاکرز، ٹائرز برسٹ اور ٹرن سٹائل گیٹ کی تنصیب اس منصوبے کا حصہ ہے جبکہ اس نظام کو نادرا اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کیساتھ بھی منسلک کیا جارہاہے ۔منصوبے کی توسیع سے قلعہ بالاحصار سمیت دیگر علاقوں کو بھی محفوظ بنایاجاسکے گا۔
Shares:








