لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس (ضم اضلاع) کے سالانہ انتخابات 2025-26 مکمل ہوگئے، جس میں دو مضبوط پینلز، حسبان میڈیا پینل اور بانی پینل کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ حسبان میڈیا پینل کے حسبان اللہ 131 ووٹ لے کر صدر جبکہ محمد جمیل 129 ووٹ حاصل کر کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔

دیگر کامیاب امیدواروں میں شاکر اللہ مہمند 88 ووٹ لے کر سینئر نائب صدر اور محمد جواد شینواری 95 ووٹ لے کر پریس سیکرٹری منتخب ہوئے۔

الیکشن کمیٹی کے چیئرمین انور زادہ گل یار نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا اور بتایا کہ ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے 141 صحافیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے، جہاں مقامی صدور کی نگرانی میں ووٹنگ ہوئی۔ ضم اضلاع کے جو صحافی پشاور میں مقیم تھے، ان کے لیے پشاور میں مرکزی الیکشن آفس میں پولنگ اسٹیشن بنایا گیا۔

پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا اور دوپہر 3 بجے تک جاری رہا، جبکہ نتائج کا اعلان مرکزی الیکشن سیل، جو پشاور کے ایک نجی ہوٹل میں قائم کیا گیا تھا، سے کیا گیا۔

نومنتخب صدر حسبان اللہ نے اس موقع پر کہا کہ قبائلی صحافیوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اور کئی صحافیوں نے اس راہ میں جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قبائلی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ قبائلی صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Shares: