پٹرول، گیس،گھی، چینی کے بعد آٹا بھی مہنگا، عوام کا شدید ردعمل

flour

پٹرول، گیس،گھی، چینی کے بعد آٹا بھی مہنگا، عوام کا شدید ردعمل
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں کے بعد غریب عوام کے لئے ایک اور مشکل سامنے آ گئی،پنجاب میں آٹا چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں چار روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا۔ فی کلو آٹے کی قیمت 60روپے سے بڑھا کر 64روپے کر دی گئی ہے۔

ہفتہ کے روز آٹاچکی مالکان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فلور ملز مالکان کے نمائندوں اور دُکانداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں آٹے کی قیمت چار روپے فی کلو گرام اضافہ کا فیصلہ کیا گیا، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے فیصلہ فوری طور پر لاہور سمیت پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں لاگو ہوگا۔

آٹا چکی مالکان نے کہا ہے کہ انہوں نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ آٹا چکی مالکان نے کہا کہ بازار میں گندم کی قیمت سات سے آٹھ روپے فی کلو گرام بڑھ چکی ہے اس کی وجہ سے آٹے کی قیمتیں بڑھانی پڑی ہیں ۔ ابھی ہم نے گیس، بجلی ، ڈیزل اور ٹرانسپورٹیشن کے بڑھنے کا حساب نہیں لگایا اور آئندہ چند روز میں ہم یہ حساب بھی کریں گے اور اگر آٹے کی قیمت مزید بڑھانی پڑی تو وہ بھی کریں گے کیونکہ ہمارا کاروبار نہیں چل پاررہا۔

آٹا چکی مالکان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگے چل کر مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا اورآٹا مزید مہنگا ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب عوام نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالہ سے ریلیف دیا جائے، گیس ،بجلی، پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز کی قیمت پر اثر پڑتا ہے، موجودہ حکومت میں مہنگائی میں تین سو فیصد اضافہ ہوا لیکن مزدور کی تنخواہ میں اضافہ نہ ہوا، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی اتنی زیادہ کرنی ہے تو تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے، اور بروقت تنخواہیں دی جائیں.

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری عبداللہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے اتنے ڈرون حملے کئے کہ اب عوام کی بس ہو چکی، آئے روز قیمتوں میں اضافہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، تبدیلی سرکار بتائے عوام کہاں جائے، 140 روپے کلو بکنے والا گھی 200 روپے کلو ہو گیا، چینی مہنگی ہو گئی، اب آٹا بھی مہنگا ہو گیا، وزیراعظم نعروں اور دعووں کی بجائے عملی اقدامات کریں اور غریب عوام کو ریلیف دیں یہ نہ ہو کہ اگلے الیکشن میں عوام پھر تحریک انصاف کی بجائے شیر کو ووٹ ڈالنے پر مجبور ہو جائے.

Comments are closed.