پیٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان
اسلام آباد:عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ملک میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
باغی ٹی وی: تفصیلات کے مطابق یکم نومبر سے اگلے 15 روز کے لیے 2 سے 3 روپے فی لیٹر تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے،جبکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اوسط قیمتیں تقریباً 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کم ہوئی ہیں موجودہ ٹیکس ریٹس اور شرح تبادلہ کے حساب سے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں 3 روپے اور 2 روپے 30 پیسے فی لیٹر کی تنزلی ہو سکتی ہے۔
عالمی منڈی میں پیٹرول کی اوسط فی بیرل قیمت 77.5 ڈالر کے مقابلے میں 76 ڈالر پر آگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی بیرل نرخ 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کیے گئے موجودہ 15 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر امپورٹ پریمیم 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر مستحکم رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی آگئی،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 5 فیصد تک گرگئی ہیں اور برطانوی خام تیل برینٹ آئل 73 ڈالرز فی بیرل پر فروخت ہورہا ہے امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 68 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر موجود ہے جبکہ عالمی گیس کی قیمت میں ساڑھے 3 فیصد کمی ہوئی ہے گیس 2 ڈالرز 47 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو میں فروخت ہو رہی ہے۔