پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن نیشنل ہیڈ کوارٹرزنے 25 سے 28 جون 2024 تک نیشنل یوتھ فورم کا انعقاد کیا۔ جس میں ملک کے تمام علاقوں سے 40 سے زائد ینگ لیڈرز نے شرکت کی۔ یوتھ فورم کا تھیم "لیڈرشپ اور گورننس کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا” تھا۔

یوتھ فورم کی اختتامی تقریب 28 جون 2024 کو منعقد ہوئی جس میں رانا مشہود احمد خان مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کی نیشنل کمشنر مسز ماریہ موعود صابری نے ان کا اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ انھوں نے مہمانوں کو پاکستان میں گائیڈنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ گائیڈنگ کے پورے پروگرام کا مقصدصلاحیتوں فروغ ا اور پہل کرنے کے لیے اعتماد پیدا کرنا ہے۔ لڑکیاں اپنے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنا اور اپنی کمیونٹی اور ملک سے محبت کرنا سیکھتی ہیں۔ انہیں سماجی مسائل کے بارے میں سوچنے اور اقدامات کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے ۔ گائیڈنگ کا مقصد لڑکیوں کومثبت تبدیلی کے نمائندہ کے طور پر تیار کرنا ہے۔

ایسوسی ایشن کے لیے مستقبل کے قائدین کی تیاری کے خیال سے ہی یوتھ فورم کا قیام عمل میں لایا گیاہے ۔ ہمارے پاس با صلاحیت نوجوان خواتین ہیں، جو ذمہ داریاں نبھا سکتی ہیں ہم چاہیں گے کہ وہ مستقبل میں ہماری تحریک کی قیادت سنبھالیں ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ لڑکیاں اپنے اپنے علاقوں کی مختلف کمیٹیوں میں شامل ہوں گی اور لڑکیوں کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی۔

ہمارے نوجوانوں میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ،رانا مشہود
ینگ لیڈرز سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کی نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ملک کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بطور وزیر تعلیم گرل گائیڈز کے ساتھ کام کرنے کی ان کی ایک طویل تاریخ ہے۔ وہ گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کے کام سے بہت متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی آوازوں کو سننا متاثر کن ہے۔ اگرچہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ہمارے نوجوانوں میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو آگے لے جانے کے لیے رضاکارانہ خدمات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے مسائل کو خود ہی حل کرنا ہے۔ اگر ہر کوئی اپنی سطح پر اچھا کام کرنے لگے تو حالات بدل سکتے ہیں۔ وزیراعظم جلدنیشنل یوتھ کونسل شروع کر رہے ہیں۔ نوجوان وزیراعظم کے یوتھ پورٹل پر جا کر نیشنل یوتھ کونسل کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ٹاپ سو طلباء کا انتخاب کیا جائے گا اور وہ نوجوانوں کے حوالے سے نیشنل ایڈوائزری کونسل کے طور پر کام کریں گے اور نوجوانوں کے حوالے سے تمام فیصلے ان کی مشاورت سے ہوں گے۔ انہوں نے نیشنل کمشنر سے درخواست کی کہ وہ ہر گائیڈ کو یہ پیغام پہنچا دیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی اور دیگر آگاہی مہموں جیسے ابتدائی طبی امداد اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے ایک قومی رضاکار کور شروع کر رہی ہے اور پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن پہلے ہی اس میں حکومت کی پارٹنر ہے۔ انہوں نے بردباری اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا کہ یہ کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے لیے اہداف طے کریں اور ان کے حصول کے لیے پوری کوشش کریں۔ اس طرح وہ اپنے خاندان، برادری اور ملک کی مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے انہیں آئی ٹی کے شعبے میں محنت کرنے کا مشورہ بھی دیا کیونکہ یہ ان کے اور ملک کے خوشحال مستقبل کی ضمانت دے سکتا ہے۔

Shares: