فلاڈیلفیا: ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ، 6 افراد ہلاک
امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا کے کمرشل علاقے میں ایک چھوٹا ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ایک شاپنگ مال کے قریب گرا، جس کے باعث متعدد گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ طیارے کے گرنے کے بعد دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔پولیس اور امدادی ٹیموں کے مطابق، حادثے کے باعث کئی افراد زخمی ہوئے ہیں اور فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیارے میں ایک مریض کو منتقل کیا جا رہا تھا۔
امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ طیارہ نجی ایمبولینس کمپنی کا تھا اور یہ ایک طبی ایمرجنسی کے دوران مریض کو منتقل کر رہا تھا۔ طیارہ گرنے کے بعد آگ لگنے کی وجہ سے علاقے میں مزید مشکلات کا سامنا ہوا، اور وہاں کی انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ طیارہ میڈیکل ٹرانسپورٹ جٹ تھا، جس میں چھ افراد سوار تھے، جن میں ایک بچی، اس کی والدہ اور دیگر چار افراد شامل تھے۔ یہ طیارہ جمعہ کی شام فلاڈلفیا ایئرپورٹ سے اُڑنے کے بعد کچھ ہی دیر میں گر کر تباہ ہو گیا۔طیارہ Jet Rescue Air Ambulance کا تھا، جس کی ملکیت اس کمپنی کے پاس ہے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ طیارہ XA-UCI، Learjet 55، فلاڈلفیا سے اُڑنے کے بعد حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے میں چار عملے کے ارکان اور دو مسافر سوار تھے۔ ان مسافروں میں ایک بچی تھی جو زندگی بچانے کے لیے فلاڈلفیا میں علاج کروا رہی تھی اور اسے میکسیکو واپس منتقل کیا جا رہا تھا۔کمپنی کے ترجمان شائی گولڈ کے مطابق، طیارے کی منزل ٹیجوانا تھی اور اس سے پہلے یہ میسوری میں رکنے والا تھا۔ گولڈ نے کہا کہ یہ ایک تجربہ کار عملہ تھا اور ان تمام پروازوں کے عملے کو سخت تربیت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا، "جب ایسا حادثہ پیش آتا ہے تو یہ انتہائی حیران کن اور صدمے کا باعث ہوتا ہے۔ تمام طیاروں کی دیکھ بھال انتہائی محنت سے کی جاتی ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہماری مشن کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔”
کمپنی نے مزید کہا کہ حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔ اس وقت تک مزید کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں اور نہ ہی کسی مسافر یا عملے کے افراد کے نام جاری کیے گئے ہیں، جب تک کہ ان کے خاندانوں کو آگاہ نہ کیا جائے۔”ہمارا فوری تشویش کا مرکز مریض کے خاندان، ہمارے عملے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ ساتھ دیگر ممکنہ متاثرہ افراد ہیں جو اس حادثے میں زخمی ہو سکتے ہیں۔ مزید معلومات جیسے ہی دستیاب ہوں گی، ہم انہیں جاری کریں گے۔”
اس حادثے سے چند روز قبل واشنگٹن میں بھی ایک سنگین حادثہ پیش آیا تھا، جہاں مسافر طیارہ اور ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے تھے۔ اس حادثے میں موجود تمام 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے، اور ابھی تک 41 لاشوں کی باقیات نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 28 کی شناخت بھی ہو چکی ہے۔
فلاڈیلفیا میں ہونے والے اس حادثے پر عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس واقعے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔
امریکی طیارہ حادثہ،چند لمحے قبل کیا ہوا، اہم انکشاف،مرنے والوں میں پاکستانی شامل