اسلام آباد: پی آئی اے کے سینئر فلائٹ اسٹیورڈ موبائل فونز کی اسمگلنگ میں ملوث، معطل اور شوکاز نوٹس جاری
باغی ٹی وی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اپنے سینئر فلائٹ اسٹیورڈ فیصل عبدالمجید پنہور کو مبینہ طور پر موبائل فونز اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ فیصل پر الزام ہے کہ 24 اکتوبر 2024 کو ٹورنٹو سے اسلام آباد آنے والی پرواز PK782 پر ان کے جسم سے چھپائے گئے 16 موبائل فونز برآمد ہوئے، جنہیں کسٹم حکام نے ضبط کر لیا۔
پی آئی اے کی انتظامیہ اور ڈسپلنری ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ شوکاز نوٹس میں فیصل عبدالمجید پر ادارے کے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ انہیں کمپنی کی مراعات کا غلط استعمال، اسمگلنگ میں ملوث ہونے اور کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزامات کا سامنا ہے۔
پی آئی اے نے فیصل عبدالمجید کو تین دن کے اندر تحریری جواب دینے کا حکم دیا ہے، جس میں انہیں وضاحت کرنی ہوگی کہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت میں جواب نہ دینے کی صورت میں الزامات کو درست سمجھا جائے گا اور فیصل کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ نوٹس پی آئی اے کی جنرل مینیجر ایڈمن اینڈ ڈسپلن، تنزیلہ طاہرین کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اس کی کاپی ایچ آر مینجمنٹ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو بھی بھیجی گئی ہے۔ پی آئی اے نے اپنے ملازمین کے لئے واضح پیغام دیا ہے کہ ادارے کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔