پی آئی اے کی مالی مشکلات، سی ای او ارشد ملک اور افسران کا بڑا فیصلہ

پی آئی اے کی مالی مشکلات، سی ای او ارشد ملک اور افسران کا بڑا فیصلہ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن ہے، پاکستان میں 13 سو سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں، دس ہلاکتیں ہو چکی ہیں،صوبوں نے لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ، ریلوے ،فضائی سروس معطل ہے، ایسے میں مالی مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود پی آئی اے افسران نے تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے

پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے پہل کی اور ان کی جانب سے رضاکارانہ طور پر تنخواہ میں 20 فیصد کمی کے اعلان کے بعد افسران نے بھی تنخواہوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ ڈیپارٹمنٹ چیف آفیسرز نے 20 فیصد اور جنرل مینیجرز نے 15 فیصد رضاکارانہ کمی کا اعلان کیا ہے جب کہ ڈپٹی جنرل مینیجرز نے 10 فیصد اور مینیجرز نے 8 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا ہے.

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ افسران کی جانب سے اس فیصلہ سے مشکل وقت میں ائر لائن پر مالی بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پی آئی اے کا فلائٹ آپریش معطل ہے اور سول ایوی ایشن نے ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات کار تبدیل کر دیے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیڈکوارٹرز، جنرل ڈیوٹی والے ملازمین 6گھنٹے کام کریں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی اےاے ملازمین صبح 10سے شام 4 بجےتک ڈیوٹی انجام دیں گے، جمعہ کوصبح 10بجےتا دوپہر ایک بجے تک ڈیوٹی ہوگی۔

دو روز قبل حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد تمام علاقائی پروازیں بھی منسوخ کردی تھیں ،پی آئی اے نے خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا تا ہم وہ بھی معطل کر دی گئی ہیں.

کرونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کی وجہ سے پی آئی اے کا خسارہ 6 ارب تک پہنچنے کا خدشہ ہے

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر کی ہوا بازی کی صنعت کو بے پناہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اسی طرح پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کو 25 مارچ تک 4 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے، مارچ کے مہینے کیلئے پی آئی اے کا خسارہ 6 ارب روپے تک پہنچنے کا خدشہ ہے

وفاقی وزیر غلام سرور کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو یکم سے 15 مارچ کے عرصہ میں 600 ملین روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جس کے بڑھنے کا امکان ہے۔ پی آئی اے نے سعودی عرب عمرہ کی ادائیگی کیلئے گئے 8824 پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے 27 خصوصی پروازوں کا اہتمام کیا جبکہ کورونا کے درکار منفی ٹیسٹ کے باوجود وطن واپسی کے منتظر 40 پاکستانیوں کو دوحہ اور 100 پاکستانیوں کو دبئی سے وطن واپس لایا گیا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی مشکل معاشی حالات کا سامنا کر رہا ہے اور اب کورونا نے بھاری نقصانات سے دوچار کیا ہے۔

Comments are closed.