پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی لاہور سے جدہ جانے والی پرواز ایک سنگین واقعے سے بال بال بچ گئی، جب راستے میں طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو حفاظتی بنیادوں پر فوری طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز PK-859 لاہور سے جدہ کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ دورانِ پرواز اچانک جہاز کے سامنے سے ایک پرندہ ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے کی ونڈ اسکرین کو شدید نقصان پہنچا۔ پائلٹ نے ایوی ایشن کے حفاظتی اصولوں کے مطابق کنٹرول ٹاور کو صورتحال سے آگاہ کیا اور ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، طیارے میں 344 مسافر سوار تھے، تاہم پائلٹ اور عملے کی حاضر دماغی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ طیارہ بحفاظت کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر پارک کر دیا گیا، جہاں انجینئرز نے مرمت کا کام شروع کر دیا ہے،انجینئرنگ ذرائع کے مطابق طیارے کی مرمت اور حفاظتی جانچ میں تقریباً 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ پرواز کے مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرنے اور متبادل انتظامات کی پیشکش کی گئی ہے،ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی مکمل فنی جانچ کے بعد ہی اسے دوبارہ پرواز کی اجازت دی جائے گی، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو رن ویز کے اطراف صفائی، کچرے کے خاتمے اور برڈ کنٹرول کے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

Shares: