مزید دیکھیں

مقبول

پی آئی اے نے دو دہائیوں بعد منافع حاصل کرلیا

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سال 2024 کے مالیاتی نتائج کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جن کے مطابق قومی ایئرلائن نے 21 سال بعد پہلی بار خالص منافع حاصل کیا ہے۔

سال 2024 کے مالیاتی نتائج کے مطابق پی آئی اے نے 3.9 ارب روپے کا آپریشنل منافع حاصل کیا، جبکہ خالص یا نیٹ منافع 2.26 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ پی آئی اے کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے تجاوز کرگیا ہے، جو کہ عالمی سطح پر بہترین ایئرلائنز کی کارکردگی کے ہم پلہ سمجھا جاتا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پی آئی اے نے آخری مرتبہ سال 2003 میں منافع حاصل کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ 21 سالوں کے دوران ایئرلائن مستقل خسارے کا شکار رہی۔پی آئی اے کی اس شاندار مالیاتی واپسی میں حکومت پاکستان کی سرپرستی میں کی جانے والی جامع اصلاحات کا کلیدی کردار رہا۔ ان اصلاحات میں افرادی قوت اور غیر ضروری اخراجات میں کمی، منافع بخش روٹس پر توجہ، نقصان دہ روٹس کا خاتمہ اور بیلنس شیٹ کی مؤثر تنظیم نو شامل تھی۔

پی آئی اے کی اس واپسی سے نہ صرف ادارے کی ساکھ میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ یہ ملکی معیشت کے لیے بھی مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ ماہرین کے مطابق ایک منافع بخش ایئرلائن نہ صرف قومی اثاثہ ہوتی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا باعث بھی بنتی ہے۔وفاقی وزیر دفاع جناب خواجہ محمد آصف نے اس کامیابی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اسے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ایک "اہم سنگ میل” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مالیاتی کارکردگی ادارے کی نجکاری میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے میں مدد دے گی اور قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan