پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ایک مسافر طیارے کو دورانِ پرواز فنی خرابی کے باعث سعودی عرب میں ہنگامی طور پر اتارنا پڑ گیا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 860 جدہ سے لاہور آرہی تھی، جس میں 350 سے زائد مسافر سوار تھے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق پرواز کے دوران جہاز میں تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے بعد پائلٹ نے احتیاطی تدبیر کے طور پر طیارے کو دمام ایئرپورٹ پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔ ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز میں آکسیجن ماسک کھل گئے، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم عملے نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں رکھا۔حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کو بحفاظت دمام ایئرپورٹ پر لینڈ کروا لیا گیا اور کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ہنگامی لینڈنگ کے پیشِ نظر دمام ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کی گئی، جہاں ریسکیو اور طبی ٹیمیں الرٹ رہیں۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے فوری اقدامات کیے گئے ہیں اور متبادل طیارہ پاکستان سے روانہ کر دیا گیا ہے، جو مسافروں کو لاہور پہنچائے گا۔ انتظامیہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کی حفاظت پی آئی اے کی اولین ترجیح ہے۔








