پاکستان اسلامک کونسل کی قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت ۔ یہ حملہ صرف قطر پر ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام پر ہے ، اسرائیلی جارحیت کے سامنے بند نہ باندھا گیا تو کوئی بھی مسلم ملک محفوظ نہیں رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسپل ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین، انسانی حقوق اور اخلاقی اقدار کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین ترین خطرہ ہے۔ اسرائیل نہ صرف مسلمانوں کے خون سے کھیل رہا ہے بلکہ اقوامِ عالم کے امن کو بھی داو پر لگا رہا ہے۔ اسرائیلی حکومت کی درندگی اور بربریت اب کسی ایک ریاست تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ رویہ پورے خطے کو لپیٹ میں لینے کی سازش ہے۔ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی مظلوموں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ اگر اب بھی دنیا نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ایک نئی عالمی تباہی کے دروازے کھل سکتے ہیں، جس کا نقصان صرف مشرقِ وسطیٰ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ یہ وقت امتِ مسلمہ کے باہمی اتحاد اوربیدار ہونے کا ہے۔ مسلم حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ امریکہ اور یہود و نصاریٰ کبھی بھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ ان کے وعدے، معاہدے اور دوستی کی باتیں محض فریب اور دھوکہ ہیں۔ اصل راستہ صرف قرآن و سنت کی رہنمائی اور مسلمانوں کی باہمی اتحاد و یکجہتی میں ہے۔اگر مسلمان آج بھی ایک صف میں کھڑے ہو جائیں سیسہ پلائی دیوار بن جائیں باہمی اختلافات ختم کردیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ آج ہمیں غیرتِ ایمانی جگانے اور باہمی اتحاد وا تفاق کی ضرورت ہے، کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمان اپنے دین سے وابستہ ہوئے،انھیں عزت وکامیابی ملی اور اللہ تعالیٰ نے انہیں فتح و نصرت عطا کی ہے ۔قطر پر اسرائیلی حملہ مسلمانوں کے باہمی اختلافات کا شاخسانہ ہے ۔ یہود کے عزائم کبھی ڈھکے چھپے نہیں رہے وہ عظیم تر اسرائیل کے قیام کے ناپاک خواب دیکھ رہا ہے اس وقت جو کچھ ہورہا ہے یہ سب اسی کی کڑی ہے اس کے سامنے بند باندھنا تمام مسلمان ممالک کا فرض ہے ۔

Shares: