بھارت کے دارالحکومت دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پائلٹ نے مسافر کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا۔
بھارت میڈیا کے مطابق دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر سیکیورٹی چیک کے دوران مسافر اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ کے درمیان تلخ کلامی شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی اس دوران پائلٹ نے مسافر کو اس کی 7 سالہ بیٹی کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے مسافر لہولہان ہو گیا۔
متاثرہ مسافر انکت دیوان اپنی اہلیہ، 7 سالہ بیٹی اور 4 ماہ کے بچے کے ساتھ سیکیورٹی لائن میں موجود تھے ایئرپورٹ عملے نے بچوں کی موجودگی کے پیش نظر انہیں عملے کے لیے مخصوص لائن استعمال کرنے کی اجازت دی تاہم اسی دوران ایئر انڈیا ایکسپریس کے سینئر پائلٹ کیپٹن وریندر سیجوال نے اعتراض کرتے ہوئے ان پر قطار توڑنے کا الزام عائد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان بات چیت تلخ ہوئی اس دوران پائلٹ نے انکت دیوان کو ان پڑھ کہا جبکہ جواب میں مسافر کی جانب سے بھی ناشائستہ الفاظ استعمال کیے گئے اس کے بعد پائلٹ طیش میں آ گیا اور انکت دیوان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں مسافر کے چہرے سے خون بہنے لگا۔
انکت دیوان اسپائس جیٹ کی پرواز سے سفر کر رہے تھے جبکہ کیپٹن وریندر سیجوال انڈیگو کی فلائٹ کے ذریعے بنگلورو جا رہے تھے، واقعے کے بعد سیکیورٹی عملے نے مداخلت کی انڈیا ایکسپریس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پائلٹ کو گراؤنڈ کر دیا اور ان سے شیڈول فلائٹس واپس لے لی گئیں۔
ایئر انڈیا ایکسپریس نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملازم کی جانب سے اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے،واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پائلٹ کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
متاثرہ مسافر انکت دیوان کا کہنا تھا کہ انہیں تشدد کے بعد ڈاکٹر سے طبی معائنہ کروانا پڑا جبکہ ان کی 7 سالہ بیٹی اپنے والد پر تشدد دیکھ کر شدید ذہنی صدمے کا شکار ہو گئی،انکت دیوان نے الزام عائد کیا کہ فلائٹ چھوٹنے کے خوف کے باعث ان سے زبردستی ایک خط لکھوایا گیا جس میں کہا گیا کہ وہ قانونی کارروائی آگے نہیں بڑھائیں گے۔








