حافظ آباد (خبرنگارشمائلہ) پنڈی بھٹیاں کے علاقے ٹبہ شاہ بہلول اور گردونواح میں بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے۔ شدید گرمی اور گھنٹوں جاری رہنے والی بجلی کی بندش نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کے باعث بچے رات کو سکون سے سو نہیں پاتے اور صبح وقت پر اُٹھنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔

علاقے میں موجود ہسپتالوں اور گھروں میں زیرِ علاج مریضوں کے لیے یہ صورتحال مزید تکلیف دہ بنتی جا رہی ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی سے نہ صرف تیمارداری میں مشکلات پیش آ رہی ہیں بلکہ مشینوں پر انحصار کرنے والے مریض بھی اذیت کا شکار ہیں۔

دوسری جانب طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی جمود کا شکار ہیں۔ مقامی تاجروں نے شکایت کی ہے کہ بجلی کی بندش نے ان کے روزگار کو شدید نقصان پہنچایا ہے، دکانیں ویران ہو گئی ہیں اور صارفین کی آمد کم ہو چکی ہے۔

اہلِ علاقہ نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لے اور علاقے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ شہریوں، خصوصاً بچوں، مریضوں اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

Shares: