راولپنڈی ٹیسٹ،234 رنز کے ہدف پر پاکستان کی بیٹنگ جاری
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، قومی اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ بنگال ٹائیگرز پہلی اننگز میں صرف 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اس سے پہلے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر فیلڈ سنبھالنے کا فیصلہ کیا تو دن کی تیسری بال پر شاہین آفریدی نے پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سیف حسن کو صفر کا تحفہ تھما دیا جبکہ دوسرے اوور میں محمد عباس نے تھرڈ امپائر کی مدد لے کر تمیم اقبال کے ایل بی ڈبلیو کو ثابت کر دیا جو تین رنز بنا سکے تھے۔
نجم الحسین شانتو اور کپتان مومن الحق نے تیسری وکٹ کیلئے 59 رنز جوڑ کر اننگز کو سنبھالا لیکن شاہین آفریدی نے پانچ چوکوں سمیت 30 رنز بنانیوالے مومن الحق کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرا دیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے تین وکٹوں پر 95 رنز کے ساتھ دوسرا سیشن شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد عباس نے محمد رضوان کی مدد سے نجم الحسین شانتو کی مزاحمت کا خاتمہ کر ڈالا جو 44 رنز میں چھ چوکے لگا چکے تھے جبکہ بارہ رنز کا اضافہ محمود اللہ کو بھی لے ڈوبا جو چار چوکوں سمیت 25 رنز بنا سکے۔
5 وکٹیں 107 رنز پر گنوانے کے بعد محمد متھن اور لیٹن داس نے ایک مرتبہ پھر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش میں چھٹی وکٹ کیلئے 54 رنز جوڑے مگر سات چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنانے والے لیٹن داس کا خطرہ حارث سہیل نے ایل بی ڈبلیو کر کے ختم کر ڈالا۔ اگرچہ نصف سنچری کا مرحلہ پار کرنے والے محمد متھن کا تیج الاسلام نے 24 رنز بنا کر ساتھ نبھایا اور ساتویں وکٹ کی رفاقت میں 53 رنز کی بدولت بنگال ٹائیگرز نے دو سو رنز کا سنگ میل بھی پار کرلیا لیکن آخری چار وکٹیں محض 19 رنز پر ضائع کر کے مہمان ٹیم 233 رنز پر محدود ہو گئی۔ محمد متھن نے 63 رنز میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ ابو جاوید کھاتہ کھولنے سے قبل رن آؤٹ ہو گئے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں نے جمعرات کو ایوان صدر کا دورہ کیا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔
اس موقع پر بین الصوبائی رابطہ کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ کرنے پر بنگلہ دیش کی حکومت، کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے شکر گزار ہیں۔
قومی خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور یہاں شائقین کرکٹ کو کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا، امید ہے دونوں ٹیمیں عمدہ کھیل پیش کریں گی۔
صدر مملکت نے پاکستان ایک خوبصورت اور مہمان نواز ملک ہے اور امید ہے کہ مہمان ٹیم کا دورہ خوشگوار رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ کرکٹ کے کھیل کے مداح ہیں، پاکستان میں کرکٹرز کو ہیرو کا درجہ دیا جاتا ہے، یہاں مقامی سطح پر کرکٹ کے فروغ پر کام ہو رہا ہے، پی ایس ایل کی طرح ہاکی اور کبڈی کی لیگ پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے