پیر عادل،باغی ٹی وی(نامہ نگارباسط علی گاڈی) تھانہ شاہ صدر دین کی حدود میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں دربار پیر عادل کی زیارت کے بعد واپس جانے والے زائرین کی موٹرسائیکل کو تیز رفتاری سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی۔ حادثہ پیر عادل دربار کے قریب اس وقت پیش آیا جب زائرین سڑک کراس کر رہے تھے۔
حادثے کے نتیجے میں انور مائی زوجہ خادم حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ تین افراد حاجی شمیم ولد حاجی خادم، تاجو مائی زوجہ حاجی اصغر اور مانو بی بی زوجہ حاجی شمیم شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں، جہاں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور پھر انہیں مزید علاج کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعے نے علاقے میں افسوس اور غم کی فضا پیدا کر دی ہے، جبکہ مقامی شہریوں نے حادثے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔








