پیرعادل (باغی ٹی وی،نامہ نگارباسط علی )ملک بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان کے علاقے پیر عادل میں بھی محرم الحرام کی مناسبت سے علم پاک کا مرکزی جلوس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد ہوا۔ جلوس مرحوم فدا حسین فوجی کے گھر سے برآمد ہوا اور مقررہ روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کاظمیہ پیر عادل پر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس سے قبل مجلسِ عزاء سے ذاکر اہل بیت سید حسین شاہ، مولانا حافظ ابوزر غفاری اور حافظ مدثر عباس نے خطاب کیا۔ مجلس کے بعد عزاداروں نے ماتم داری کی اور مختلف ماتمی سنگتوں جن میں "قائم آل محمد”، "انتظار حجت”، "غلامان معصومین”، "آل اللہ”، "کاروانِ علمدار” اور "سقائے معصومہ” شامل تھیں، نے نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جلوس کے اختتام پر بانی جلوس منتظر مہدی کی جانب سے لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا۔ سیکیورٹی انتظامات مکمل طور پر فعال رہے اور جلوس پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔