امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب ایک چھوٹا طیارہ کمرشل عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت اور 18 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ فلرٹن میونسپل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا، جو لاس اینجلس سے تقریباً 25 میل جنوب مشرق میں واقع ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک چھوٹا طیارہ "وینز آر وی-10” ماڈل کمرشل عمارت سے ٹکرا گیا۔ پولیس اور مقامی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طیارے کے حادثے کے وقت عمارت میں کئی افراد موجود تھے۔ تاہم، یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک ہونے والے افراد طیارے میں سوار تھے یا وہ عمارت میں کام کر رہے تھے جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا۔حادثے کے فوری بعد ایمرجنسی سروسز نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس وقت طیارے کے حادثے کے اسباب کو جانچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ حادثہ ایسے وقت پر پیش آیا ہے جب عالمی سطح پر طیاروں کے حادثات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ گزشتہ چند دنوں میں آذربائیجان اور جنوبی کوریا میں بھی مسافر طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد کی جانیں گئیں۔ ان حادثات نے دنیا بھر میں ایوی ایشن کی حفاظت پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور متعلقہ ادارے ان حادثات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔کیلیفورنیا کے اس حادثے کے بعد حکام نے مزید احتیاطی تدابیر پر زور دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
حوالدار مدثر محمود کی شجاعت اور بہادری، تاریخ کا ایک روشن باب
سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی میں سی پیک توانائی کے انفراسٹرکچر پر کانفرنس کا انعقاد