سیالکوٹ میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے

سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض سے) حکومت پنجاب اور لاہور ہائیکورٹ کے احکامات اور ہدایات کے مطابق ضلع سیالکوٹ میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کردی گئی ہے،

ضلع سیالکوٹ کے پلاسٹک اینڈ پیکنگ میٹریل کے کاروبار سے وابستہ افراد کو واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ شاپر بیگز کو ہر گز فروخت نہ کریں اور اس کو بنوانے کیلئے دیئے جانے والے پیشگی آرڈر کو کینسل کیا جائے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے 5 جون کے بعد ضلع سیالکوٹ میں شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی کی بابت کئے جانے والی اقدامات اور کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ ماحولیات اور انڈسٹریز کے مقامی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری انڈسٹری پرائسسز، ویٹ اینڈ میئر کو ہدایت کی کہ وہ انجمن تاجران، اور ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور پرائس مجسٹریٹس کے تمام دودھ فروش، تندوروں، بیکریوں اور جنرل اسٹورز پر شاپنگ بیگ کے استعمال کی ممانعت کے بارے میں نوٹس لگائیں جس پر صارفین کو بھی اپیل کی جائے کہ وہ دودھ، روٹی کیلئے گھر سے برتن، کپڑے یا کاغذ کا تھیلا لائیں۔

انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز ماحول کیلئے زہر قاتل بن چکا ہے اور ماحول کو شاپر بیگ سے پاک کرنے کیلئے ہر شہری اور بالخصوص تاجر کمیونٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات مقصود ربانی بٹ نے بتایا کہ تمام پلاسٹک اینڈ پیکنگ میٹریل کی شاپس پر نوٹس آویزاں کر دیئے گئے ہیں اور پلاسٹک ایسوسی ایشن نے یقین دہانہ کروائی ہے کہ وہ اس ضمن میں انتظامیہ کی جانب سے ملنے والی ہدایات پر مکمل عمل کریں گے۔

Leave a reply