وزیراعظم جلد 5 سال کا معاشی روڈ میپ دینے جا رہے ہیں، احسن اقبال

ہم کسی بھی قومی ادارے کو کوڑیوں کے دام نہیں بیچیں گے
Ahsan Iqbal

اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے تحریک انصاف کے وزیر ہوا بازی کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا-

باغی ٹی وی : ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا صدر منتخب ہونا امریکی عوام کا فیصلہ تھا، ہم اس کا احترام کرتے ہیں،ا مریکی الیکشن کے نتائج پر ایک سیاسی جماعت کا یہ کہنا کہ ٹرمپ آئے گا تو ان کے لیڈر کو آزاد کرائے گا، کسی لطیفے سےکم نہیں ہے۔

پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف کے وزیر ہوا بازی کی وجہ سے پی آئی اے کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، ہم کسی بھی قومی ادارے کو کوڑیوں کے دام نہیں بیچیں گے۔

عدلیہ کے الاؤنسز سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا عدلیہ کے جو الاؤنسز بڑھائے گئے ہیں اس کا جواب وزیر قانون دیں گے، عدلیہ میں آئینی بینچ باہر سے نہیں لایا گیا، یہ سپریم کورٹ کے ججوں پر ہی مشتمل ہے،وزیراعظم جلد 5 سال کا معاشی روڈ میپ دینے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی دوست ذلفی بخاری نے کہا تھا کہ وہ امریکی صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کی ٹیم سے عمران خان اور ان کی پارٹی سے ہونے والی نا انصافیوں پر بات کریں گے،وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم اور ان کے خاندان کے افراد سے رابطے میں ہیں، ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کی سزا پر تشویش کا اظہار کرچکے اور وہ اپنے دل میں عمران خان کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں،ٹرمپ کے امریکی صدرکا منصب سنبھالنے کے بعد ان کی ٹیم کے ارکان، ٹرمپ کی صاحبزادی اور داماد سے جیل میں قید عمران خان اور ان کی پارٹی سے ہونے والی ناانصافیوں پر بات کروں گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں ٹرمپ کی کامیابی سے کوئی لینا نہیں اور اپنے ملک کے معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیتے،، ہم اپنی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں-

Comments are closed.