وزیراعظم شہباز شریف کا یوم دفاع و شہداء پر پیغام: افواج پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔ ہر سال اس دن، پاکستانی قوم یوم دفاع و شہداء کو جوش و خروش اور احترام سے مناتی ہے۔ انہوں نے مادر وطن کے بیٹوں اور افواج پاکستان کے سپوتوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 6 ستمبر 1965 کو دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے اسے شکست فاش دی۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 59 سالوں سے افواج پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کے ذریعے یوم دفاع کے جذبے کو زندہ رکھا ہوا ہے جو ہمارے دفاع اور استقلال کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کا حوصلہ اور فرض سے لگن ہی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے اور ان کی قربانیوں کی بدولت ہم ایک آزاد اور خود مختار مملکت میں زندگی گزار رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جدید ترین حربی صلاحیتوں سے لیس ہماری مسلح افواج اپنی علاقائی سالمیت اور خود مختار تشخص کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اپنی استعداد میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔ حکومت تصادم کے بجائے مکالمے، تعاون اور شراکت داری پر یقین رکھتی ہے اور ہمارا مقصد ایک سازگار ماحول پیدا کرنا ہے جہاں تمام اقوام ترقی کریں اور مشترکہ مسائل جیسے غربت، بیماری اور جہالت کا خاتمہ ہو۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو خطے میں امن و ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور غزہ میں بے گناہ مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے۔وزیراعظم نے قوم کو امید اور عزم کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماضی ہماری مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت کا گواہ ہے۔ ‘عزمِ استحکام’ کے تحت نظر ثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان کا مقصد ہر قسم کی دہشت گردی بشمول ڈیجیٹل دہشت گردی کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔ وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر ایک خوشحال پاکستان کی راہ ہموار کریں۔
پاکستان زندہ باد! افواج پاکستان پائندہ باد!

Comments are closed.