وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیش میں سیلابی صورتحال پر دکھ اور ہمدردی کا اظہار

0
76
bangla flood

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو ایک خط لکھا جس میں انہوں نے بنگلہ دیشی عوام اور حکومت کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔خط میں وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں سیلاب کی شدید صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قدرتی آفت نے بنگلہ دیش میں بڑے پیمانے پر نقصان کیا ہے جس پر پاکستانی قوم کو گہرا دکھ اور رنج ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خط میں لکھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی قوم کی تمام ہمدردیاں بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ ہیں، خاص طور پر ان افراد کے ساتھ جن کے پیارے سیلاب میں بچھڑ گئے، جن کے گھر اور روزگار تباہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیشی عوام کی مشکلات میں ان کے حوصلے اور ہمت ہمیشہ قابلِ ستائش رہی ہے، اور امید ہے کہ بنگلہ دیش ڈاکٹر محمد یونس کی قیادت میں اس بحران سے جلد نکل آئے گا۔خط میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔ پاکستان بنگلہ دیش کی امداد کے لیے تمام وسائل اور معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ بنگلہ دیشی عوام اس قدرتی آفت کے اثرات کو کم کر سکیں اور دوبارہ اپنی حالت بحال کر سکیں۔
بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب نے بنیادی ڈھانچے، مکانات، فصلوں، اور دیگر وسائل کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر انسانی بحران پیدا ہوا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے بنگلہ دیش کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ ہمدردی اور مدد کی پیشکش نے دو طرفہ تعلقات میں مزید مضبوطی کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔ اس مشکل وقت میں پاکستانی قوم کا ہمسایہ ملک کے ساتھ دکھ و درد میں شریک ہونا دوستی اور بین الاقوامی تعاون کی ایک بہترین مثال ہے۔

Leave a reply