اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے کی برآمدات میں 23 فیصد اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے کو سہولتوں کی بروقت فراہمی کے نتیجے میں یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی شعبے کا روایتی مارکیٹوں کے ساتھ ساتھ نئی مارکیٹوں میں خدمات کی برآمدات میں اضافہ ایک اہم پیشرفت ہے جو ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے کی برآمدات 2 اعشاریہ 828 بلین ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہیں، جو حکومت کی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔شہباز شریف نے اس کامیابی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے اقدامات کرنے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ آئی ٹی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے حکومت نے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں، جن میں جدید تربیتی پروگرامز اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق فنی مہارتوں کو بڑھانا شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف آئی ٹی کے شعبے کو تقویت ملے گی بلکہ اس کے نتیجے میں ملک کی معیشت میں بھی مزید بہتری آئے گی اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ وہ ملک کو دنیا کے آئی ٹی کے شعبے میں ایک مضبوط کھلاڑی بنائے گی اور اس کے لیے حکومت نے ہر سطح پر اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق، آئی ٹی شعبے کی ترقی ملک کے مستقبل کی ترقی کی ضمانت ہے اور اس میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔