اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے نومنتخب عہدیداران کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے میاں عامر محمود کو چیئرمین، سلمان اقبال کو سینئر وائس چیئرمین اور میر ابراہیم رحمان کو وائس چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم نے دیگر نومنتخب عہدیداران میں سیکرٹری جنرل شکیل مسعود، جوائنٹ سیکرٹری احمد زبیری، اور فنانس سیکرٹری اطہر قاضی کو بھی ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کو پی بی اے کے لئے مثبت قرار دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران براڈکاسٹنگ کے شعبے اور براڈکاسٹنگ ہاؤسز کے مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی بی اے کے یہ نئے عہدیداران پاکستان میں براڈکاسٹنگ کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔وزیر اعظم نے پی بی اے کے عہدیداران کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسوسی ایشن کی ترقی اور میڈیا انڈسٹری کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

Shares: