وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کولاچی، ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آپریشن کے دوران سات خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور آپریشن کے دوران ارض وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نائیک یاسر خان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہید کے بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی،وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوان ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، قوم اپنے بہادر افسران و جوانوں کی ارض وطن کی خاطر عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری اور عام آدمی کی بہتری کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے،وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی اور سیکرٹری خزانہ اور ان کی ٹیم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے کوششوں پر لائق تحسین ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام ہے اور پاکستان ترقی کی سمت میں گامزن ہے،معاشی استحکام کیلئے کاروباری برادری اور عوام نے قربانیاں دیں،الحمدللہ معاشی بہتری سے عوام کو جس قدر ممکن ہے، ریلیف فراہم کر رہے ہیں،شرح سود میں کمی اور قرضے کم لاگت پر ملنے سے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔








