اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کلچرل ڈے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کا یوم ثقافت ہمیں پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی، جمہوری روایت، فکری صلاحیتوں اور معاشی ترقی میں صوبے کی بے مثال شراکت کی یاد دلاتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سندھ کلچرل ڈے کی مناسبت سے پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنے سندھی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دنیا کی قدیم ترین، امیر ترین اور سب سے متاثر کن تہذیبوں میں سے ایک کا جشن منانے میں شامل ہیں،سندھ کا یوم ثقافت ہمیں پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی، جمہوری روایت، فکری صلاحیتوں اور معاشی ترقی میں صوبے کی بے مثال شراکت کی یاد دلاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ شاہ عبداللطیف بھٹائی اور سچل سرمست جیسے روحانی شاعروں کی سرزمین جن کا محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام ہماری قوم کو اتحاد اور ہمدردی کی طرف رہنمائی کرتا ہے،اجرک، ٹوپی، موسیقی، ادب اور لوک روایات میں جھلکنے والا اس کا لازوال ورثہ مہمان نوازی اور اس کے لوگوں کی گرم جوشی کے ساتھ ساتھ اس کی ثقافت کی شان و شوکت کی علامت ہے،میں سندھ کے لوگوں کو ان کی ترقی پسند اقدار اور پاکستان کی فیڈریشن کو مضبوط بنانے میں ان کے لازوال کردار پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔








