اشک آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد ، عالمی دن برائے غیر جانبداری اور ترکمانستان کی تیس سالہ مستقل غیر جانبداری کی سالگرہ کے حوالے سے اشک آباد میں منعقدہ فورم کے موقع پر عالمی رہنمائوں سےخوشگوار غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں بین الاقوامی سال برائے امن و اعتماد 2025، عالمی دن برائے غیرجانبداری اور ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کے 30 سال مکمل ہونے پر منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی فورم میں وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی،وزیراعظم عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب ایردوان، تاجکستان کے صدر امام علی رحمن اور کرغزستان کےصدر صادر ژپاروف سے غیر رسمی ملاقاتیں کیں،فورم کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف عالمی رہنمائوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے،وزیراعظم نے کہا کہ ترکمانستان کی مہمان نوازی، اشک آباد کا حسن اور عوام کی گرمجوشی قابلِ تعریف ہے-
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری کو درپیش بڑے چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ’موسمیاتی تبدیلی، غربت اور عدم مساوات دنیا کے بڑے خطرات ہیں،پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خطر ے میں اضافہ ہو رہا ہے جس پر عالمی برادری افغان طالبان حکومت پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے دباؤ ڈالے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 2025 میں سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست سنبھالنے کے بعد عالمی امن کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے قطر، ترکیہ، سعودی عرب، یو اے ای اور ایران کی کوششوں کی حمایت کی اور فلسطینیوں و کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا،وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان نے خواتین اور کمزور طبقات کی معاشی شمولیت کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں،گلوبل وارمنگ سے پیدا چیلنجز نے ترقی پذیر ممالک کیلئے بڑی رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔







