کمیٹیاں بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے،وزیراعظم کی کمیٹی نے تعاون مانگا تو کریں گے، سعید غنی

0
54

سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے سنجیدگی دکھائی تو تعاون کریں گے

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرزکومل کرکام کرنا ہوگا ،کمیٹیاں بنانے اوراعلانات سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے،

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ میئرکے اختیارات کوکوئی ایم این اے یا وفاقی وزیراستعمال نہیں کرسکتا ،وزیراعظم کی جانب سےبنائی گئی کمیٹی نے سنجیدگی دکھائی،تعاون مانگا توسندھ حکومت معاونت کریگی،بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کے اکثر لوگوں کوآئین اورقانون کا نہیں پتا،پی ٹی آئی کےلوگوں کوکوئی شخص کان میں کچھ کہہ دیتا تویہ لوگ آگےبڑھا دیتے ہیں،

سعید غنی نے مزید کہا کہ علی زیدی نے کراچی کوصاف کرنےکے بجائے مزید گندگی پھیلا دی ،میری معلومات کےمطابق علی زیدی اپنی مہم ختم کرچکے ہیں.

کراچی کے مسائل بے شمار،مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہوں گے، وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل پر وزیراعظم عمران خان نے کمیٹی بنائی ہے، گزشتہ گیارہ سال سے شہر قائد پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر قانون نے ان خیالات کا اظہار شہر قائد کراچی سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں وفاقی وزراء خالد مقبول صدیقی، فیصل واوڈا، میئر کراچی وسیم اختر، حلیم عادل شیخ، خرم شیرزمان اور دیگر موجود تھے، اجلاس میں کراچی کے مسائل اوران کےحل کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کچرے اور دیگر مسائل بے تحاشہ ہیں، کراچی کو تباہی سے بچانا ہے تو جلد یہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہونگے، شہر بھر کا کچرا اٹھانا اور اسے ڈمپنگ پوائنٹ تک پہنچانے کیلئے مستقل حل نکالنا ہوگا، اسی لیے آج ہنگامی بنیادوں پر اجلاس طلب کیا گیا ہے اور ان معاملات پر غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کریں گے، کمیٹی میں چھ اراکین حکومتی جماعت تحرہک انصاف اور چھ ایم کیو ایم کے شامل ہیں.

وزیراعظم کمیٹی پر کمیٹی بنانے کی بجائے کراچی کو 162 ارب دیں،سعید غنی بھی میدان میں آ گئے

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر 14 ستمبرکو کراچی کا دورہ کریں گے اورخود کراچی آکرصورتحال کاجائزہ لیں گے ،وزیراعظم عمران خان کو کراچی کا فضائی دورہ بھی کرایا جائے گا،وزیراعظم دورہ کراچی میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے،

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے ناطے پاکستان کا مستقبل کراچی کے مستقبل سے جڑا ہے، ماضی کی بد انتظامی اور غفلت کا خمیازہ کراچی کی عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، وزیرِ اعظم نے کلین کراچی مہم جاری رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کراچی کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کےلئے وفاقی حکومت کی جانب سے قلیل، وسط اور طویل المدت لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے اپنی زیر صدارت کراچی صفائی مہم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزراء بیرسٹر فروغ نسیم، مخدوم خسرو بختیار، خالد مقبول صدیقی، سید علی حیدر زیدی، معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، ممبر قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی، ممبر ان سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ ، ڈی جی فرنٹیر ورکس آ رگنائیزیشن میجر جنرل انعام حیدر ملک اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کراچی کی عوام کو درپیش مسائل خصوصاً پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی، ماس ٹرانزٹ سسٹم و دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی گفتگو کی گئی.

Leave a reply