وزیراعظم شہباز شریف کی خان یونس پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت

0
62
pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ کے خان یونس علاقے پر اسرائیلی فورسز کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان یونس میں پناہ گزینوں کو انخلاء کے احکامات دیے جانے کے چند منٹ بعد اسرائیلی فورسز کا جارحانہ حملہ انسانیت کی توہین ہے۔ شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ نہتے فلسطینی پناہ گزینوں کو انخلاء کا موقع بھی نہ دیا جانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے۔عرب میڈیا کے مطابق، اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 40 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس اور محلے الطفاح میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ مشرقی خان یونس میں اسرائیلی حملے میں 39 فلسطینی شہید جبکہ 91 زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فورسز کے ڈرون نے الاقصیٰ ہسپتال پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور تین زخمی ہوئے۔ اس حملے میں ایک صحافی کی ہلاکت بھی ہوئی، جس سے مرنے والے صحافیوں کی تعداد 163 ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی گولہ باری انخلاء کے احکام کے چند منٹ بعد کی گئی تھی، اور ابھی بھی متعدد افراد عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔اب تک اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں 39,600 فلسطینی شہید اور 89,818 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں نے علاقے میں انسانی بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے، اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کی ضرورت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply