اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران سندھ کے شہری علاقوں کے لئے ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد کی قیادت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ دیگر اراکین میں مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق، اور جاوید حنیف شامل تھے۔ حکومت کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ، اور اعظم نذیر تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے آئینی ترامیم اور کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لیے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے سندھ کے شہری علاقوں کی ترقی کے لئے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے وفد نے بجلی کے نرخوں میں کمی کے مطالبے پر بھی زور دیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لئے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مزید برآں، ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے اپنے لاپتہ کارکنان کی جلد بازیابی کا مطالبہ بھی پیش کیا۔اس ملاقات کے نتیجے میں وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے مطالبات کے حل کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس سے ایم کیو ایم اور حکومت کے درمیان تعاون کی فضا مضبوط ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Shares: