نیویارک : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا اور بھارت کو کسی بھی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کا پیغام دے کر پوری قوم کی ترجمانی کی ہے۔نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو شان دار انداز میں اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحیت کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا، جس سے وزیراعظم نے قوم کے موقف کو واضح اور مضبوط انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔اس ملاقات کا اہتمام پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی جانب سے کیا گیا تھا، جہاں وزیر دفاع نے کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہوں نے اپنی محنت اور لگن سے امریکا میں ایک نیا معاشرہ قائم کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا، جیسا کہ وزیراعظم نے بیرون ملک موجود سفارت خانوں کو اس حوالے سے ہدایات دے رکھی ہیں۔خواجہ آصف نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور پاکستان سے محبت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور یہ اجتماع پاکستانی قوم کی عظمت اور ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیر و فلسطین کا بھرپور مقدمہ لڑا،وزیر دفاع
