اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہبازشریف نے نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ،اجلاس میں سروسز چیفس بھی شریک ہوں گے۔

باغی ٹی وی : 18 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں قومی سلامتی امور کا جائزہ لیا جائےگا،اجلاس میں شرکت کیلئے اپیکس کمیٹی کے ارکان کو دعوت دےدی گئی،حساس اداروں کے سربراہان بھی اجلاس میں شرکت کریں گے-

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے باران رحمت کے لیے نمازاستسقا ادا کرنےکی اپیل کردی، اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ عظام نماز استسقا کے اہتمام میں کردار ادا کریں، ‎بارش سے ماحول بہترہوگا اور بیماریوں سےنجات میں بڑی مدد مل سکتی ہے،وفاق اور صوبوں کے زیر اہتمام تمام مساجد میں نماز استسقا کا اہتمام کیا جائے، ‎موجودہ صورتحال میں باران رحمت کی شدت سے ضرورت ہے۔

دریں اثناء آج پنجاب میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد میں باران رحمت کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی اس حوالے سے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ کل نماز جمعہ کے بعد بھی صوبے بھر کی جامع مساجد میں نماز استسقا ادا کی جائےگی، عالمی موسمیاتی تبدیلیوں سے پورا خطہ شدید متاثر ہوا ہے۔

Shares: