وزیراعظم سے پیپلز پارٹی اور خیبر پختونخوا کے وفود کی ملاقاتیں
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سید نوید قمر کی ملاقات ہوئی ہے
ملاقات میں وفاقی حکومت کے صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے تعاون سے جاری عوامی مفاد کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔وزیرِاعلیٰ سندھ نے وزیرِاعظم کو سندھ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔وزیرِاعلیٰ سندھ نے وزیرِاعظم کو صوبے میں جاری توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی،ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیرِ مملکت علی پرویز ملک بھی شریک تھے۔
علاوہ ازیں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے خیبرپختونخوا سے مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی وفد کی ملاقات ہوئی،ملاقات میں وزیرِاعظم کو خیبر پختونخوا میں جاری مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وفد نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون پر وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا۔وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر وزیرِاعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا، وفد نے عوامی فلاح و بہبود کی خاطر لیے جانے والے تمام اقدامات کیلئے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔وفد میں رکنِ قومی اسمبلی سردار محمد یوسف اور اراکینِ خیبر پختونخوا اسمبلی سید قاسم علی شاہ اور سردار شاہ جہان یوسف شامل تھے۔