وزیراعظم شہباز شریف سے مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات، اسلامی تعلیمات کے فروغ پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلامی تعلیمات کے فروغ، امت مسلمہ کے مسائل اور اسلام کے صحیح پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا پُرتپاک استقبال کیا اور ان کی پاکستان آمد کو باعثِ افتخار قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "ڈاکٹر ذاکر نائیک، آپ کی پاکستان آمد ہمارے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ میں آپ کے لیکچرز بڑے شوق سے سنتا ہوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں آپ کے لیے بے پناہ احترام ہے۔وزیراعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی اسلام کی خدمت کے حوالے سے ان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے۔ "آپ نے دنیا بھر کو اسلام کا صحیح تشخص سے روشناس کروایا اور آپ کے لیکچرز نوجوانوں میں بھی انتہائی مقبول ہیں۔ آپ کی باتیں پُراثر اور دلوں کو چھونے والی ہوتی ہیں، جو لوگوں کو دین اسلام کی طرف راغب کرتی ہیں۔وزیراعظم نے گفتگو میں مزید کہا، "آپ اسلام کا حقیقی پیغام دنیا تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، اور مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی دین اسلام کی خدمت میں مصروف ہے۔شہباز شریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی 2006ء میں ہونے والی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سے آج تک آپ کا کردار اسلامی تعلیمات کے فروغ میں نمایاں رہا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اظہارِ خیال
اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی اسلامی بنیادوں پر قائم ہونے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، "پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا اور اس سے میرا گہرا تعلق ہے۔ میں نے 1991ء میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا، اور وہ یادیں آج بھی میرے دل میں تازہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو ہمیں ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے، اور اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے۔ میرا مشن یہی ہے کہ دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں، اور اس دورے کے دوران اسلام آباد کے ساتھ ساتھ کراچی اور لاہور میں بھی لیکچرز دوں گا۔مذہبی اسکالر نے اپنے دورے کے دوران مختلف شہروں میں ہونے والے لیکچرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیکچرز میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہوتی ہے جو اسلامی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کے لیے بے حد متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اسلام ایک دینِ فطرت ہے اور اگر ہم اس کے اصولوں پر عمل کریں گے تو دنیا اور آخرت میں کامیابی یقینی ہے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لیکچرز اسلام کی حقیقی تعلیمات، عالمی مسائل کے اسلامی حل اور نوجوانوں کے کردار پر مبنی ہوں گے۔ اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں ہونے والے ان لیکچرز میں شرکاء کو اسلام کے بنیادی اصولوں اور جدید دور میں ان کی افادیت کے حوالے سے روشنی ڈالی جائے گی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور ڈاکٹر ذاکر نائیک نے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی بات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کو متحد رہ کر اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے تاکہ دنیا میں امن و سلامتی کا پیغام عام کیا جاسکے۔وزیراعظم نے کہا کہ "ہمیں آپ جیسے اسکالرز کی ضرورت ہے جو دنیا کو اسلام کا حقیقی چہرہ دکھا سکیں اور نوجوان نسل کو دین کے قریب لا سکیں۔ آپ کا پیغام امن، بھائی چارے اور محبت کا ہے، اور ہم آپ کے ساتھ مل کر اس پیغام کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔