وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور بیک وقت چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری باقاعدہ طور پر منظور کرتے ہوئے ایوانِ صدر بھجوا دی ہے۔
اس تاریخی فیصلے کے ساتھ پاکستان میں پہلی بار چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ قائم کیا گیا ہے، جس کے پہلے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے۔ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کوچیف آف آرمی اسٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسز دونوں عہدوں پر پانچ سال کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے۔چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ تینوں مسلح افواج کے درمیان عسکری ہم آہنگی، رابطوں اور دفاعی حکمتِ عملی میں یکجہتی کو مزید مضبوط بنائے گا۔
یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حصے میں آیا ہے کہ وہ پاکستان کےپہلے چیف آف ڈیفنس فورسزبھی ہوں گے، جو ملکی دفاعی ڈھانچے کی نئے انداز سے تشکیل کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر ایک اور اہم فیصلہ کرتے ہوئےچیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھوکی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی منظور کر دی۔ایئر چیف کی موجودہ پانچ سالہ مدت مارچ 2026 میں مکمل ہو رہی تھی۔نئی توسیع ان کی موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد عملی طور پر نافذ العمل ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلے ملکی دفاعی تسلسل، ادارہ جاتی استحکام اور بدلتے علاقائی و عالمی سکیورٹی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔








