وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے شہر تیانجن پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے اس دورے میں تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس اور بیجنگ میں چینی عوامی جنگ کی فتح کی 80ویں سالگرہ اور دیگر سرکاری مصروفیات میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کے ساتھ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور اعلیٰ سرکاری افسران شامل ہیں۔

چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کی سی پی سی کمیٹی کی منسٹر اور سیکریٹری سن میجن(Sun Meijun) اور تیانجن میونسپل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور پارٹی سیکریٹری یو یونلن (Yu Yunlin)، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ذائیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے تیانجن ائیرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم 31 اگست 2025 سے 01 ستمبر 2025 تک ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے کونسل آف ہیڈز سمٹ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ اس دورے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کے ممتاز کاروباری اداروں کے سربراہان سے بات چیت کریں گے اور 4 ستمبر 2025 کو بیجنگ میں منعقد ہونے والی دوسری پاک چین B2B سرمایہ کاری کانفرنس کی صدارت بھی کریں گے تاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں موجود دیگر ممالک کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

Shares: