وزیراعظم شہباز شریف کا اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم،اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر خطاب

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی اور اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر مذہب کے لوگوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے، اور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں غزہ میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے کی جانے والی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں اور بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا گیا ہے، اور عالمی ادارے اس ظلم و ستم پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے جنہیں دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، وہ آج صرف قراردادیں پاس کرنے تک محدود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود مسیحی، ہندو، سکھ، اور پارسی برادریوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کے مشنری اسکولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اسکولوں نے ہزاروں بچوں کو تعلیم دی ہے اور ملک کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے اور ان کے لیے کھلے دل سے کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات کا یقین دلایا کہ 1973 کے آئین کے تحت اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی جائے گی، اور حکومت ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اقلیتوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اقلیتی برادریوں کے افراد نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، جو کہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے ملک میں امن و استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اقلیتی برادریوں کی خدمات کو سراہتی رہے گی۔

Comments are closed.