وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی پیش کش کر دی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات سے گریز کر رہی ہے، اگر پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار ہو تو ہم ہاؤس کمیٹی بنانے کو بھی تیار ہیں۔حکومت نے ہمیشہ نیک نیتی سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیے اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی پوری کوشش کی ہے۔ ہماری کمیٹی نے پی ٹی آئی سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے تحریری مطالبات پیش کریں، تاکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ وہ پوری دلجمعی کے ساتھ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھنے کے لیے تیار ہیں اور اس بات کا یقین رکھتے ہیں کہ اس عمل سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں ایک فیصد کمی کے اعلان کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امیج خراب کرنے کے لیے کالے دھندے کی کوشش کی جا رہی ہے اور حکومت اس کے خلاف مزید اقدامات کر رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کسی قسم کے فساد اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر ملک کے مفاد میں بات چیت کرنی چاہیے۔
انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم نے گفتگو کی اور کہا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کے نتیجے میں پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچ رہا ہے، اور حکومت ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستان کی افواج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں اور فتنہ الخوارج کا قلع قمع کرنے میں مصروف ہیں۔ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی توقیر اور تعظیم کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بعد ہی پاکستان کا ترقی اور خوشحالی کا خواب مکمل طور پر حقیقت بن سکے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کا عزم ہے کہ پاکستان کو ایک مستحکم، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنایا جائے گا.
واشنگٹن طیارہ حادثہ،سیاہ رات،شدید سردی،پانی میں برف،ایک ایک انچ کی تلاشی
واشنگٹن ڈی سی میں فضائی تصادم،تباہ ہونے والےطیاروں کی تفصیلات
سابق وفاقی وزیر ہوابازی کاغیر ذمہ دارانہ بیان،محرکات کا پتہ چلانے کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی منظوری
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف دی گرڈ لیوی کیپٹو پاور پلانٹس آرڈینینس 2025 کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کو وزارت قانون انصاف کی جانب سے 2020 میں پارلیمنٹ میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائین کے پائلٹس کے حوالے سے دئے گئے بیان پر بریفنگ دی گئی- اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک سابق وفاقی وزیر کی جانب سے پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائینز کے پائلٹس کے حوالے سے دیا گیا بیان غیر ذمہ دارانہ اور مبالغہ آرائی پر مبنی تھا جس سے نہ صرف ملک اور قومی ائیر لائین کا تشخص شدید متاثر ہوا بلکہ قومی خزانے کو بھی شدید نقصان ہوا۔ کابینہ نے مذکورہ بیان کا جائزہ لینے کے حوالے سے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی جو کہ مذکورہ مبالغہ آرائی پر مبنی بیان کے محرکات کا پتہ چلائے گی اور اس بیان کے نتیجے میں قومی ائیر لائن اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا بھی تخمینہ لگائے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر مڈل ایسٹ گرین انیشیئیٹو کے چارٹر کی توثیق کر دی- اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان مذکورہ چارٹر کے بانی اراکین میں سے ہے ۔ اس انیشئیٹو کے تحت 200 ملین ہیکٹرز زمینی رقبے کی بحالی کی جائے گی اور 50 بلین درخت اگائے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر حکومت پاکستان اور یورپین یونین کے مابین ٹیرف ریٹس کوٹہ کی تقسیم کے حوالے سے معاہدے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے معزز اسلام آباد ہائی کورٹ کی سفارش اور وزارت قانون و انصاف کی تجویز پر اکاؤنٹیبیلیٹی کورٹ III, اسلام آباد کی ری آرگنائزیشن کرنے اور اسے اسپیشل کورٹ (سی این ایس۔III), اسلام آباد میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر جنرل مینجر انجینئرنگ ، کراچی پورٹ ٹرسٹ رئیر ایڈمرل حبیب الرحمٰن کو زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے لیے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کا اضافی چارج دینے کی منظوری دے دی- وزیراعظم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے باقاعدہ چیئرمین کی تعیناتی کا عمل فی الفور مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر وفاقی حکومت کے زیر انتظام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں صوبائی کوٹہ میں 25 فیصد کمی کرنے کی منظوری دی۔یہ اقدام اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کا ڈومیسائل رکھنے والے طلباء کے لئے صوبائی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں انتہائی کم کوٹہ ہونے کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے تاکہ اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے طلباء کو وفاق کے زیر انتظام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں تعلیم کے حوالے سے بہتر مواقع حاصل ہو سکیں-
وفاقی کابینہ نے وفاقی حکومت کی رائیٹ سائیزنگ کمیٹی کی سفارش پر وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت سرحدی امور کے انضمام کے حوالے سے رولز آف بزنس, 1973 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی ادارہ جات کے 17 جنوری 2025 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی-وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 17 دسمبر 2024 کے اجلاس میں سٹیزن شپ ایکٹ، 1952 میں ترامیم کے حوالے سے لئے گئے فیصلے کی توثیق کردی